لاہو(نیوزڈیسک) ”ملکی وقار کو نقصان پہنچانے والے کو قومی ٹیم میں شمولیت کاکوئی حق نہیں“محمدعامر کی خواہشات پر پانی پھیرنے کی تیاریاں،آخری وار کردیاگیا،سزا یافتہ باﺅلر محمد عامر کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس پارٹی کے سربراہ منصف اعوان نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ محمد عامر سزا یافتہ ہیں اور ملکی وقار کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوئے ہیں لہٰذا انہیں قومی ٹیم کا حصہ نہ بنایا جائے۔واضح رہے کہ سپاٹ فکسنگ کیس میں محمد سلمان بٹ،محمدآصف اورمحمد عامر اپنی سزا پوری کرچکے ہیں اور انہوں نے پی سی بی سمیت آئی سی سی کی تمام شرائط پر عمل کرنے کے بعددوبارہ کھیلنے کی اجازت حاصل کی ہے۔قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیو ں کی مخالفت کے بعد محمد عامر پر لاہور ہائیکورٹ میں بجلی گرادی گئی، توقع ہے کیس کی سماعت جلد ہوگی ۔شائقین کرکٹ کی نظریں اس اہم مقدمے کی سماعت پر لگ گئی ہیں اورانتظار ہے کہ دیکھتے ہیں کہ لاہور ہائیکورٹ اس بارے میں کیا فیصلہ دیتی ہے۔