اسلام آباد (نیوز ڈیسک) 11رکنی قومی ٹےم ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ مےں شرکت کےلئے 17 جنوری کو جاپان روانہ ہوگی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ کے مطابق ایشین روڈ مینز اور ویمنز سائیکلنگ چیمپئن شپ 20 سے 14جنوری تک جاپان میں منعقد ہوگی جس میں سات مرد اور تین خواتین سائیکلسٹ ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ مرد کھلاڑیوں میں صابر‘ نثار‘ نجیب اللہ‘ محسن خان‘ ذیشان علی‘ اویس خان اور محمد عباس جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں صبیحہ زاہد، راجیہ شبیر اور راشدہ منیر شامل ہیں جبکہ کرنل (ر) سعد ابن الحسن بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ایشیاءکے 42 ممالک شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کےلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے جہاں انہیں بہترین تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ ایونٹ کےلئے باصلاحیت کھلاڑی کا انتخاب کیا ہے اور توقع رکھتے ہیں کہ قومی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔