اسلام آباد(نیوزڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کے لیے حالات سازگار ہیں اور کوشش ہے کہ آئندہ باکسنگ کی عالمی چیمپئین شپ بھی پاکستان میں ہو۔اسلام آباد میں شہدائے اے پی ایس کی یاد میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان آتا ہوں تو دلی سکون ملتا ہے اور انتہائی خوشی محسوس ہوتی ہے، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور امید کرتا ہوں کہ آئندہ باکسنگ کا عالمی چیمپئین پاکستان سے ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے سیکھنے والوں کو مناسب سہولیات اور سکھانے کے لیے بہترین تربیت دی جائے تو پاکستانی کھلاڑی دنیا میں نام پیدا کرسکتے ہیں اور عالمی چیمپئین بھی بن سکتے ہیں۔عامر خان کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہوں اور نوجوانوں کے لیے عنقریب باکسنگ اکیڈمی بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں اور آئندہ بھی تمام خدمات بروئے کار لاتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے لیے حالات سازگار ہیں اور کوشش ہے کہ آئندہ باکسنگ کی عالمی چیمپئین شپ بھی پاکستان میں ہو۔اس موقع پر عامر خان نے بچوں کے ساتھ ٹریننگ بھی کی اور بچوں کو باکسنگ گلوز تحفے میں دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ ٹریننگ کا مقصد اے پی ایس کے بچوں کو خراج تحیسن پیش کرنا ہے، آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے طلبہ اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔