اسلام آباد (نیوز ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر یاسرعرفات نے کہا ہے کہ پہلی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کیلئے کسی ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر بے حد مایوسی ہوئی کیونکہ میں گزشتہ دس برس سے مختلف ٹی ٹونٹی لیگز کھیل رہا ہوں، قومی ون ڈے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیول کو ری سٹرکچر کرنے کی ضرور ہے، بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم شرکت پر حیرانگی ہوئی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے مجموعی طور پر ٹی ٹونٹی میچز میں زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے، بلا شبہ اس فارمیٹ میں میرا تجربہ کئی کھلاڑیوں سے زیادہ ہے، پی ایس ایل کیلئے 90 سے زائد کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا تاہم مجھے کسی نے نہیں خریدا جو کہ میرے لئے تکلیف دہ لمحہ ہے، پی ایس ایل کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں کیونکہ اس سے ملک کو بڑا فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے پاس پی ایس ایل میں نامور کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اپنے تجربے میں اضافے اور کھیل کو بہتر بنانے کا سنہری موقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بگ بیش لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم شرکت پر حیرانگی ہوئی، گزشتہ برس میں اور شعیب ملک دونوں لیگ میں موجود تھے اور میری ٹیم پرتھ سکارچرز کو دوبار ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کو ری سٹرکچر کرنے کی ضرورت ہے۔