فواد عالم کو امپائر کے فیصلے پر خراب رویہ اپنانے کی پاداش میں جرمانہ عائد
24
دسمبر 2015
کراچی(آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر فواد عالم کو قائداعظم کرکٹ ٹرافی کے میچ میں امپائر کے فیصلے پر خراب رویہ اپنانے کی پاداش میں جرمانہ عائد کردیا گیا۔فواد عالم ڈومیسٹک کرکٹ میں نیشنل بینک آف پاکستان(این بی پی) کی جانب سے کھیلتے ہیں۔نیشنل اسٹیدیم کراچی میں قائداعظم کرکٹ ٹرافی کے سپر ایٹ مرحلے میں این بی پی اور ایس ایس جی سی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فواد عالم نے امپائر عرفان دلشاد کی جانب سے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دینے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا جس پر انھیں میچ فیس کے برابر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔فیلڈ امپائرضمیر حیدر اور عرفان دلشاد نے میچ ریفری سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر انورخان کو میچ کی رپورٹ جمع کروادی جس کے تحت انھوں نے فواد عالم کو جرمانے کی سزا سنادی۔این بی پی نے ایس ایس جی سی کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ اس سے پہلے میچ میں انھیں یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ(یو بی ایل) کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔فواد عالم نے پاکستان کی جانب سے3 ٹیسٹ، 38 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک سنچری کی مدد سے 250 رنز بنائے ہیں جبکہ انھیں ڈیبو ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ون ڈے کرکٹ میں انھوں نے ایک سنچری اور 6 نصف سنچریوں کے بدولت 966 رنز بنائے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 194 رنز بنائے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں