دبئی (نیوزڈیسک) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ناگپور اسٹیڈیم کی پچ کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کو وارننگ جاری کر دی ۔میچ ریفری جیف کرو کی رپورٹ پر آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو وارننگ جاری کر دی ہے، بھارت کو جنوبی افریقہ کے خلاف ناگ پور ٹیسٹ میں فتح ضرور ملی لیکن غیر معیاری پچ پر جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں محض انہتر رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اس ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کی طرف سے کوئی بھی بلے باز نصف سنچری کرنے میں ناکام رہا اور سیریز کا اہم ٹیسٹ میچ صرف تین دن میں ہی ختم ہو گیا۔ناگ پور اسٹیڈیم کی پچ پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے شدید تنقید کرتے ہوئے اسے شیطانی پچ قرار دیا تھا ۔ ناگپور میں ورلڈ ٹی ٹونٹی کے نومیچز ، شیڈول ہیں ۔ بی سی سی آئی کے صدر اور آئی سی سی کے چئیر مین ششانک منوہز کا تعلق بھی ناگ پور سے ہے۔