اسلام آباد (نیوزڈیسک)جرمنی کے فٹبال کلب بائرن میونخ کے کوچ پیپ گارڈیولا اس سیزن کے اختتام پر اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں گے اور کلب کے نئے کوچ کےلئے کارلو اینسیلوٹی کا انتخاب کیا گیا ہے۔حالیہ دنوں میں 44 سالہ گارڈیولا کا نام برطانیہ کے کلبوں مانچسٹر سٹی، مانچسٹر یونائیٹڈ، چیلسی اور آرسینل کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے ¾2013 میں بائرن میونخ کے ساتھ منسلک ہونے کے بعد سے بارسلونا کے سابق کوچ گارڈیولا دو لیگ ٹائٹل اور جرمن کپ جیت چکے ہیں۔چیلسی کے سابق کوچ 56 سالہ کارلو اینسیلوٹی رواں برس مئی میں رئیل میڈریڈ کی جانب سے برطرف کیے جانے کے بعد سے تعطیلات پر ہیں۔ اینسیلوٹی نے بائرن میونح سے تین سال کا معاہدہ کیا ۔اگرچہ گارڈیولا کا نام مختلف کلبوں سے ساتھ جوڑا جا رہا ہے تاہم انھوں نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کون سی ٹیم کے ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ جمعرات کو چیلسی نے کوچ ہوزے مورینو کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا اور سیزن کے اختتام تک گوس ہڈی انک کو قائم مقام کوچ مقرر کیا گیا تاہم اس بات کا قوی امکان ہے کہ گارڈیولا اگلے برس مانچسٹر سٹی کے ساتھ بحیثیت کوچ منسلک ہو جائیں گے۔