کوئٹہ((نیوزڈیسک)پاکستان میں کھیلوں کی دنیا کا مشہور نام اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں کوئٹہ کی فرنچائز کے مالک ندیم عمر نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان اور آل راوٴنڈر شاہد آفریدی کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے کی خواہش ظاہر کردی ۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ شاہد آفریدی اپنی جارحانہ بیٹنگ اور شہرت کی بدولت دنیا میں کسی بھی جگہ بڑی تعداد میں لوگوں کو میدانوں کا رخ کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں لہٰذا پاکستان سپر لیگ کی مہم سر کرنے کیلئے شاہد آفریدی پہلے کھلاڑی ہوں گے جسے کوئٹہ کی ٹیم اپنے اسکواڈ میں شامل کرے کی کوشش کریگی۔4 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کیلئے انتہائی پرجوش ندیم عمر نے کہا کہ وہ کوئٹہ کی ٹیم کو مضبوط دستے کی شکل دے کر قومی سطح پر نظر انداز کیے گئے صوبہ بلوچستان کو پاکستان کرکٹ میں منظر عام پر لانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ جب انڈین پریمیئر لیگ شروع ہوئی تو کوئی بھی راجستھان رائلز کی ٹیم کو سنجیدگی سے لینے کیلئے تیار نہ تھا تاہم انہوں نے افتتاحی سیزن میں سب کو حیران کرتے ہوئے چیمپیئن کا تاج سر پر سجا لیا۔ندیم عمر نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اسی طرز پر پی ایس ایل میں اپنی کوئٹہ کی ٹیم تیار کریں گے، انشااللہ ہم اپنی کارکردگی سے لوگوں کو داد دینے پر مجبور کر دیں گے اور پوری کوشش کریں گے کہ کوئٹہ کی فرنچائز کا نام ناصرف بلوچستان بلکہ پاکستان بھر کے گھروں میں ہر کسی کی زبان پر ہو۔