ویلنگٹن(نیوز ڈیسک)فکسنگ کیس میں مقدمے بازی نے سابق کیوی کرکٹر کرس کینز کو ’کنگال‘ کردیا، انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فکسنگ کیس میں مقدمے بازی سے میں کوڑی کوڑی کا محتاج ہوگیا ہوں۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں لندن کی ساؤتھ ورک کراؤن کورٹ میں جیوری نے کرس کینزکو فکسنگ کے الزامات سے بری کردیا تھا مگر ان کی مشکلات ختم ہونے کانام ہی نہیں لے رہی ہیں، آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی نے ان کے خلاف ملٹی ملین ڈالرز کا فراڈ کیس دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کینز کہتے ہیں کہ اس مقدمے بازی نے مجھے کنگال کرکے رکھ دیا ہے لیکن اس کے باوجود میں اپنا نام کلیئر کرنے کی جنگ جاری رکھوں گا، میں ان سب چیزوں سے اکتا چکا ہو، کوڑی کوڑی کا محتاج ہوگیا ہوں لیکن پھر بھی شکست ماننے والا نہیں ہوں۔سابق آل راؤنڈر نے اپنے خلاف کیس کے دوران گواہی دینے پر نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ لندن میں جب 2012 میں میں نے للت مودی کے خلاف ہرجانے کا کیس کیا تھا تو سابق آئی پی ایل چیئرمین کے گواہوں میں لوونسنٹ اور برینڈن میک کولم دونوں ہی شامل تھے، ونسنٹ کے بارے میں تو اب یہ بات واضح ہوچکی کہ وہ کرپٹ تھا لیکن میرا سوال موجود کیوی کپتان سے ہے کہ انھوں نے مودی کے پہلے کیس میں میرے خلاف گواہی کیوں نہیں دی تھی اور کیا اب جب مودی کیس کرنے والے ہیں وہ اس میں گواہی کیلیے آئیں گے یا نہیں۔ کینز نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ان کا فکسنگ وغیرہ سے کوئی تعلق نہیں انھیں اس سلسلے میں بدنام کیا گیا ہے۔