ہرارے(نیوز ڈیسک) زمبابوین کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ولسن مناسے کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنا جرم بن گیا، اسپورٹس اینڈ ریکریشن کمیشن نے ان پر 4 برس کیلئے پابندی عائد کردی۔ولسن نے اپنے خلاف فیصلے کو جانبدارانہ اور غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ یاد رہے کہ زمبابوین کرکٹ ٹیم نے مئی میں پاکستان کا دورہ کیا، اس وقت بھی حکومتی اسپورٹس کمیشن نے بورڈ پر بلااجازت ٹیم بھیجنے کا الزام عائد کیا تھا، اب اسی جرم میں اس وقت کے زمبابوین کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ولسن مناسے کو معطل کردیا گیا، وہ ایک سینئر وکیل بھی ہیں، اگست میں ان کی جگہ تاوینگوا موکولانی نے زمبابوین کرکٹ کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔مناسے کا کہنا ہے کہ ایس ا?ر سی نے صرف مجھے ہی ٹیم کو بھیجنے کا ذمہ دار قرار دیا جب کہ یہ بورڈ کا متفقہ فیصلہ تھا، اسی نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا تعین کیا اور اوزیس بوئیٹ کو دستے کا سربراہ بنایا، اس کے باوجود سارا الزام میرے سر ڈالنا غیرمنصفانہ ہے، مجھے چارج شیٹ پیش کی گئی نہ ہی دفاع کا موقع فراہم کیا گیا، اس لیے میں نے اسے انتظامی عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے