اسلام آباد(نیو زڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کی نیلامی کردی گئی ہے۔ سب سے مہنگی ٹیم کراچی کنگز رہی جو کہ ایک پاکستانی میڈیا ہاﺅس کے مالک نے 26 لاکھ ڈالرز کی بولی کے عوض خرید لی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل کی ٹیموں کی بولی کے دوران اے آروائی نیوز کے سی ای او سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی سب سے زیادہ بولی دے کر ٹیم خرید لی۔ سب سے زیادہ بولی کے ساتھ کراچی کنگز پی ایس ایل کی سب سے مہنگی ٹیم بن گئی ہے۔ کراچی کی ٹیم 26 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی ہے۔ اس کے بعد لاہور کی ٹیم کو قطر آئل کمپنی نے 24 لاکھ ڈالر کی بولی دے کر خرید لیا۔پشاور کی ٹیم 16 لاکھ ڈالرمیں ہائر گروپ نے خرید لی۔ اسلام آباد کی ٹیم یو اے ای کے گروپ کیپیٹل وینچر نے 15 لاکھ ڈالر کی بولی دے کر خرید ی۔کوئٹہ کی ٹیم کو عمر ایسوسی ایٹس نے 11 لاکھ ڈالر میں خرید لیا۔علاوہ ازیں پی سی بی کی طرف سے 200 کھلاڑیوں کو لیگ کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جس میں پاکستان کے قومی کرکٹ ٹیم، ڈومیسٹک ، اے کلاس کیٹیگر ی کے کھلاڑی اور بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہیں۔ٹیموں کی بولی مکمل ہونے کے بعد لاہور میں کھلاڑیوں کی نیلامی جاری ہے۔ نیلامی کیلئے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ڈائمنڈ، پلاٹینم، گولڈ، سلور اور امرجنگ کے نام سے پانچ کیٹگریوں میں تقسیم کیا ہے جس میں پاکستان کے 90 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔