دبئی(نیوز ڈیسک) انٹڑنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ تازہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے فاتح آسٹریلیا نے پاکستان کے ہاتھوں کھوئی دوسری پوزیشن بحال کر لی ہے۔ گرین کیپ ٹیم کی تیسری پوزیشن پر تنزلی ہو گئی ہے۔ بھارت سے سیریز ہارنے کے باوجود جنوبی افریقا کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے۔ ہوم سیریز جیت کر بھارت نے انگلینڈ کو پانچویں نمبر پر دھکیل کر چوتھے پر ترقی کر لی ہے۔ نیوزی لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش بالترتیب چھٹے سے نویں نمبر پر فائز ہیں۔ پلیئرز رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ اور آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ یکساں پوائنٹس لے کر بیٹنگ میں پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقا کے ڈی ویلیئرز کی تیسری پوزیشن پر تنزلی ہو گئی ہے۔ کین ولیم سن چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ کیویز کیخلاف پانچ سو بانوے رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر سات درجہ کی جمپ لگا کر پانچویں پوزیشن پر فائز ہو گئے ہیں۔ پاکستان کے یونس خان دو درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولنگ میں جنوبی افریقا کے ڈیل سٹین بدستور نمبر ون ہیں۔ پروٹیز کیخلاف شاندار بولنگ نے بھارت کے ایشون کو دوسری پوزیشن پر ترقی دیدی ہے۔ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن تیسرے اور پاکستان کے یاسر شاہ چوتھے نمبر پر چلے گئے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں