ایڈیلیڈ(نیوز ڈیسک)ٹیسٹ کرکٹ کی ایک 138 سالہ تاریخ کا پہلا ڈے نائٹ میچ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں جاری ہے۔جمعے کو کھیل کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے کپتان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور اب سے کچھ دیر قبل تک مہمان ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا لیے تھے۔نیوزی لینڈ کو آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب ہیزل وڈ نے مارٹن گپتل کو صرف ایک کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔یوں ہیزل وڈ کسی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں گلابی گیند سے وکٹ لینے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔دوسری وکٹ کے لیے لیتھم اور ولیمسن کے درمیان 52 رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ مچل سٹارک نے یارکر پر ولیمسن کو ایل بی ڈبلیو کر کے کیا۔وہ 22 رنز بنا سکے۔ٹام لیتھم نے نصف سنچری بنائی اور انھیں نیتھن لیون نے وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کر آسٹریلیا کو تیسری کامیابی دلوائی۔آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز راس ٹیلر تھے جو 21 رنز بنا کر پیٹر سڈل کی وکٹ بنے۔ اس سے اگلے ہی اوور میں سٹارک نے میککلم کو واپس پویلین بھیج کر دوسری اور ٹیم کے لیے پانچویں وکٹ لی۔خیال رہے کہ یہ پہلا انٹرنیشنل کرکٹ میچ ہے جس میں گلابی رنگ کی گیند استعمال کی جا رہی ہے جبکہ کھلاڑی روایتی سفید رنگ کا لباس ہی استعمال کر رہے ہیں۔اس سے قبل صرف ایک روزہ اور ٹی 20 طرز کی کرکٹ میں ہی ڈے نائٹ میچ کھیلے جاتے رہے ہیں جن میں رنگین وردی اور سفید گیند استعمال ہوتی ہے۔