لندن(نیوز ڈیسک)انگلینڈ میں اگلے سیزن سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں تمام بلے بازوں اور مخصوص فیلڈرز کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی کر دیا گیا ہے۔انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس اہم اقدام کا اعلان آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کے انتقال کے تقریباً ایک برس بعد کیا ہے جب وہ گردن کے اوپری حصے پر گیند لگنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔کرکٹ بورڈ نے جو تبدیلیاں کی ہیں اس کے تحت بلے بازوں کو، فاسٹ، میڈیم فاسٹ بالر اور سپن گیند بازوں کا سامنا کرتے وقت بھی ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔اس کے علاوہ وکٹ کیپر اور وہ فیلڈرز جو وکٹوں سے آٹھ گز کے دائرے میں ہوں گے ان کے لیے تو ہیلمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن وکٹ کے پیچھے آ?ف سائیڈ پر سلپ میں کھڑا ہونے والا فیلڈر اس سے مستثنی ہوگا۔تمام مرد و خواتین کرکٹرز پر پیشہ ورانہ کرکٹ کے میچ کھیلتے وقت ایسے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا جو برطانوی سیفٹی معیار پر پورا اترتے ہوں۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے تمام طرح کی تفریحی کرکٹ کے دوران بھی کھلاڑیوں کو ہیلمٹ پہننے کا مشورہ دیا ہے۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور پروفیشنل کرکٹ ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر جائزہ لینے کے بعد اس طرح کی سفارشات کی ہیں تاکہ کھیل کے دوران سر یا چہرے پر لگنے والی چوٹوں سے بچا جا سکے۔بورڈ کے صدر نک پیرس نے کہا ’جیسا کہ ہم نے حال کے دنوں میں دیکھا ہے کہ کرکٹ کی گیند خطرناک طریقے سے زخم پہنچا سکتی ہے، کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ بیٹنگ کرتے وقت مناسب احتیاط برتیں اور وکٹ کیپر اور سٹمپ کے قریب فیلڈنگ کرنے والے کو بھی یہی احتیاط برتنی چاہیے