لاہو(نیوزڈیسک) سابق پاکستان امپائر اسد رؤف نے انکشاف کیا ہے کہ 2006ء میں انضمام الحق کو بھارت کے خلا ف ون ڈے میچ کے دوران’’ آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ ‘‘آؤٹ قرار دینے پر انہوں نے کہا تھا کہ ’’میں تمہیں دیکھ لوں گا ‘‘۔ اسد رؤف کے مطابق بھارت کے خلاف مذکورہ میچ میں انضمام الحق نے سری سانتھ کی گیند پر گیند مڈ آف کی جانب کھیلی اور کریز سے باہر قدم بڑھائے ،اسی دوران رائنا نے انہیں آؤٹ کرنے کے لیے گیند وکٹوں کی جانب پھینکی جو انہو ں نے مڈل آف دی بیٹ کھیلی جس پر بھارتی کھلاڑیوں نے آؤٹ کی اپیل کی ۔اسد رؤف کے مطابق باؤلر اینڈ پر موجود سائمن ٹوفل نے ان سے پوچھا کہ کیا انضمام کریز سے باہر تھے جس پر انہوں نے کہا کہ وہ کریز سے بہت باہرتھے،سائمن ٹوفل نے ان سے مشورے کے بعد انضمام الحق کو ’’آبسرکٹنگ دی فیلڈ ‘‘ آؤٹ قرارد دیا جس پر انضمام ان کے پاس آئے اور کہا کہ ’’میں تمہیں دیکھ لوں گا‘‘۔ اسد رؤف کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں ایک میچ کے دوران جب انہوں نے محمد حفیظ کو 97کے انفرادی سکور پر آؤٹ قرار دیا تو انہوں نے قریب سے گزرتے ہوئے کہا کہ اسد بھائی آپ نے مجھے 97پر ایل بی ڈبلیو دیدیا ،میں نے انہیں جواب دیا کہ 97پر ایل بی ڈبلیو دینا منع تو نہیں ہے