لاہور(نیوزڈیسک) تجزیہ کار فواد چوہدری نے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین4ون ڈے میچز کی سیریزکے تیسرے ون ڈے میں قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس کو ون ڈے کپتان اظہر علی اور ہیڈ کوچ وقار یونس کو ہٹانے کی سازش قرار دیدیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تیسرے ون ڈے کے بعد سابق برطانوی کپتان مائیکل وان نے اس پر انگلیا ں اٹھائیں تھیں تاہم آئی سی سی کی جانب سے بھی اس میچ کوکلین چٹ ملی اور دو سابق پاکستانی کپتانوں وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے بھی مائیکل وان کو آڑے ہاتھوں لیا جس کے بعد مسئلہ بظاہر تو ختم ہوگیا تاہم ون ڈے کپتان اظہر علی اور ہیڈ کوچ وقار یونس کو شک ہے کہ یہ معاملہ جس طرح سے باہر ہوا اس سے ایسا لگتا ہے کہ اگر یہ میچ فکس نہیں تھا تو ان دونوں سے جان چھڑانے سے کوشش ضرور تھی۔ فواد چوہدری کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے پر ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی اور نوجوان بلے باز احمد شہزاد پر گرم ہے جب کہ وقار یونس اور اظہر علی تو دونوں کھلاڑیوں پر بہت ہی گرم ہیں کیوں کہ انہیں لگتا ہے کہ اس میچ میں بری پرفارمنس دے کر انہیں ہٹوانے کی کوشش کی گئی ہے۔