لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ جائلز کلارک کی ثالثی میں بھارتی ہم منصب ششانک منوہر کے ساتھ ہونے والی ملاقات ثمر آور رہی ہے ،پاک بھارت سیریز کے حوالے سے آئندہ چند روزمیں تمام معاملات واضح ہو جائیں گے، کمٹمنٹ کے مطابق میں ملاقات کی مزید تفصیلات نہیں بتا سکتا اور طے پایا کہ جائلز کلارک ہی اس کی بریفنگ دیں گے۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے قذافی سٹیدیم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔شہریا ر خان نے کہا کہ انگلینڈ کے جائلز کلارک نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر بھی دبئی میں تشریف لائے ہوئے ہیں اور آپ کی میٹنگ کراتے ہیں اور میں اس حوالے سے صرف اتنا ہی کہوں گا کہ یہ میٹنگ نتیجہ خیز رہی ہے ۔طے پایا ہے کہ میٹنگ کی تفصیلات بارے جائلز کلارک ہی آگاہ کریں گے اس لئے ۔انہوںنے کہا کہ ملاقات میں یہ بات ہوئی ہے دونوں بورڈز کو اپنی اپنی حکومتوں سے پوچھنا ہوگا ۔ انہوںنے سری لنکا میںپاک بھارت سیریز کے حوالے سے کہا کہ میں کہہ چکا ہوں کہ میں اس بارے مزید بات نہیں کرسکتا ۔اس حوالے سے آنے والے چند روز میں واضح ہو جائے گا ۔انہوں نے وزیرا عظم محمد نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی کچھ مصروفیات ہیں اس لئے انہیں فوری ملاقات کا کوئی امکان نہیں ۔ لیکن جو بھی بات ہو گی میں انہیں تحریری طور پر آگاہ کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ یہ سیریز ہماری ہے لیکن حتمی چیزیں ایک دو روز میں سامنے آ جائیں گی ۔انہوں نے براڈ کاسٹنگ کے معاملات کے حوالے سے کہا کہ یہ معاملہ بھی حل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن انگلینڈ کے خلاف آخری میچ میں کھلاڑی لڑ کر اور جذبے کے ساتھ کھیلے ۔ ٹیم کی فیلڈنگ میں بہت بہتری آئی ہے اور میں نے آج تک پاکستانی ٹیم کی ایسی فیلڈنگ نہیں دیکھتی اس پر میں کوچ اور انکے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف آخری میچ میں355رنز کے ہدف کا تعاقب مشکل تھا لیکن ہمارے کھلاڑی جذبے کے ساتھ کھیلے ۔