لندن(نیوزڈیسک)فکسنگ میں سزایافتہ فاسٹ بولر عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی مخالفت انگلینڈ میں بھی شروع ہوگئی ہے اور سابق انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن نے ان پر ہمیشہ کیلیے کرکٹ کے دروازے بند کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔پیٹرسن کہتے ہیں کہ میں جانتا ہوں کہ جب عامر ان چیزوں میں پڑا اس کی عمر محض 18 برس تھی، میں یہ بھی جانتا ہوں کہ اس کے پاس خصوصی ٹیلنٹ ہے، اس بات سے بھی آگاہ ہوں کہ وہ اور آصف غریب پس منظر سے تعلق رکھتے اور چند سیکنڈز کے کام کیلیے خطیر رقم کے لالچ میں آگئے۔ اس کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ عامر کو واپس نہیں آنا چاہیے، میں کسی کے خلاف نہیں اور ان کیلیے نیک تمنائیں رکھتا ہوں لیکن یہ کھیل ہم سب سے بڑا ہے، اس کو ہم سے کہیں زیادہ لمبے عرصے تک جاری رہنا ہے، ہمیں کوئی حق نہیں بنتا کہ اس کو نقصان پہنچائیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ میں کم عمری کے باعث عامر کے بارے میں ہمدردی کے جذبات پائے جاتے تھے۔