دبئی (نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی آئندہ سال سے سالانہ آمدنی میں ساڑھے بارہ لاکھ ڈالرز اضافہ ہوجائے گا ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ کھیلنے والے سات ملکوں کو ٹیسٹ میچوں کے فروغ کے لئے 2017ء سے 2023ء تک ایک کروڑ ڈالرز یا سالانہ ساڑھے بارہ لاکھ ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے ۔ آئی سی سی کے ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی کو یہ آمدنی کرکٹ کی ترقی پر خرچ کرنا ہوگی ۔ آئی سی سی فنڈ گذشتہ سال قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد دنیا بھر میں ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل کو بچانا ہے ۔ بگ تھری کی تشکیل کے بعد جو اصلاحات سامنے آئی تھیں اس کے مطابق بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ سالانہ بیس سے زائد ٹیسٹ کھیلتے ہیں جب کہ پاکستان سمیت ٹیسٹ کھیلنے والے بقیہ سات ملکوں کو ایک خطیر رقم ٹیسٹ کرکٹ کے فروغ اور کرکٹ کی ترقی کیلیے دی جائے گی ۔