لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کے ٹیسٹ میں چار جولائی سے آگے توسیع کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) سے درخواست کردی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ کا باو¿لنگ ایکشن سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں دوبارہ مشکوک رپورٹ ہوا تھا اور اگر وہ اس بار اپنے ایکشن کو درست ثابت کرنے میں کامیاب نہ ہوئے اور ان کا ایکشن 15 ڈگری سے زیادہ خم کھاتی نظر آئی تو ان کی باو¿لنگ پر ایک سال کےلئے پابندی لگ جائے گی۔حفیظ کے باو¿لنگ ٹیسٹ کیلئے 30 جون کی تاریخ دی گئی تھی کو چنئی کی لیبارٹری میں ہونا تھا تاہم بھارتی ویزا نہ آنے کے سبب حفیظ ٹیسٹ کیلئے نہ جا سکے۔حفیظ اسکواڈ کے ساتھ پالے کیلی پہنچ چکے ہیں جہاں تین جولائی سے پاکستان اور سری لنکا تیسرے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گے۔پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ غیرمعمولی حالات کی وجہ سے ہم نے آئی سی سی نئی تاریخ کی درخواست کی ہے۔ ہم نے ان کا ٹیسٹ 14 دن کے اندر کرانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم انڈین سفارتخانے کی جانب سے ویزا جاری نہیں کیا گیا۔ہم نے تیسرے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوران نئی تاریخ کی درخواست کی ہے ۔حفیظ کا ایکشن 21 جون کو رپورٹ ہوا تھا اور آئی سی سی قوانین کے مطابق ایکشن رپورٹ ہونے کے 14 دن کے اندر ایکشن کا ٹیسٹ کرانا لازمی ہے۔