ملتان (نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز انضمام الحق نے کہا ہے کہ ایسی کوئی جادو کی جھڑی نہیں جو گھمانے سے ملک میں ورلڈ کلاس کھلاڑی بن جائیں گے ، ہمیں اپنے ملک کے اندر ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنا ہوگا ، سسٹم اچھا ہوگا تو اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے ، پاکستان کو سعید اجمل کا متبادل نہیں مل سکتا ۔ وہ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے ۔ انضمام الحق نے کہا کہ ملک میں ورلڈ کلاس کرکٹر کےلئے ہمیں اپنی ڈومیسٹک سٹرکچر کو یکسر بدلنا ہوگا ۔ ایسی کوئی جادو کی چھڑی نہیں جس کو گھمانے سے ملک میں انٹرنیشنل لیول کے کھلاڑی پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیگر ٹیموں کا مقابلہ کرنے کےلئے اپنے ڈومیسٹک سٹرکچر کو بدلنا ہوگا ۔ سسٹم اچھا ہوگا تو اچھے کھلاڑی سامنے آئینگے ۔ انہون نے کہا کہ کوچز کا کام ہے کھلاڑیوں کو بتانا ، آگے عمل کرنا کھلاڑیوں کا کام ہے ، کوچز کو جتنے وقت کےلئے نامزد کیا گیا ہے ان کو کارکردگی بہتر کرنے کےلئے وقت دینا چاہیے ، کوچز کی قبل از وقت تبدیلی مشکلات کا حل نہیں ۔ انضمام الحق نے کہا کہ سعید اجمل کو دوبارہ اپنی کھوئی ہوئی فارم حاصل کرنے کےلئے اعتماد اور بھرپور پریکٹس کی ضرورت ہے ، پاکستان کرکٹ کو سعید اجمل کا متبادل نہیں مل سکتا ۔