نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے کرکٹ کے ساتھ ساتھ بزنس کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وہ 90کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے جم اینڈ فٹنس سینٹرز کی ایک چین کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس بارے میں کوہلی کے پارٹنر ستیا سنھا ہوں گے۔ ان کے مطابق اس کاروباری منصوبے کے تحت آئندہ تین برس کے اندر75 ایسے سینٹرز لانچ کئے جائیں گے جس پر کل سرمایہ کاری190کروڑ کی ہوگی۔ اس جم خانے اور فٹنس سنٹر کا نام چیزل ہوگا۔ یہ برانڈ مشترکہ طور پر کوہلی، چیزل فٹنس اور سی ایس ای کی ملکیت ہوگا۔ سی ایس ای وہ ایجنسی ہے جو کہ کوہلی کے انتظامی امور سنبھالتی ہے۔ اس بارے میں چیزل فٹنس کے ڈائریکٹر سنہا نے بتایا کہ وہ انٹرنیشنل سطح پر کام کرنے والے فٹنس ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں ان دنوں فٹنس سے متعلقہ کاروبار عروج پر ہے اور اندازہ ہے کہ اس انڈسٹری کی مالیت فی الوقت13000کروڑ ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں