بنگال(نیوزڈیسک)گذشتہ نومبر میں آسٹریلیوی کرکٹر فلپ ہیوز کی المناک موت کے بعد بھارتی ریاست بنگال کے ایک ہونہار کرکٹر انکت کیشری کرکٹ کے میدان میں چوٹ لگنے سے ہلاک ہو گئے۔انکت کو 17 اپریل کو بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک ایک روزہ میچ کے دوران چوٹ لگی تھی۔وہ پچھلے تین روز سے ہسپتال میں تھے اور کل شام ان کی حالت تھوڑی بہتر ہوئی تھی اور انھیں کھانا بھی دیا گیا تھا۔ تاہم آج صبح انھیں دل کا شدید دورہ پڑا، انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا لیکن وہ جان بر نہ ہو سکے۔20 سالہ انکِت بنگال انڈر 19 کے کپتان رہے تھے اور 2014 میں متحدہ عرب امارات میں انڈر 19 کے ورلڈ کپ میں 30 رکنی بھارتی ٹیم کے رکن تھے۔کولکتہ کے سالٹ لیک گراو¿نڈ میں ہونے والے اس میچ میں بھی وہ بارھویں کھلاڑی تھے لیکن ایک اور کھلاڑی ارنب نندی کے بریک لینے کے سبب وہ میدان میں اترے تھے۔پچھلے سال آسٹریلیوی ٹیسٹ بیٹس مین فلپ ہیوز کی گیند لگنے سے ہلاکت نے کرکٹ دنیا کو سوگوار کر دیا تھا۔کیشری کور پر فیلڈنگ کر رہے تھے جیسے ہی وہ کیچ پکڑنے بھاگے دوسری جانب سے سارب مونڈل بھی لپکے اور اسی دوران دونوں میں ٹکر ہو گئی۔بنگال کے ایک مقامی کوچ جے دیپ مکھرجی اس وقت وہاں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈل سے ٹکرا کر انکِت گر کر بےہوش ہو گئے اور ان کے منھ سے خون بہنے لگا۔ انھیں اسی وقت ہسپتال لے جایا گیا۔انکِت تین روز تک ہسپتال میں زیر علاج رہے اور انھوں نے پیر کی صبح دم توڑ دیا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں