کابل (نیوز ڈیسک) افغانستان میں کرکٹ ورلڈ کپ میں پہلا میچ جیتنے پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ میں افغان ٹیم کی پہلی کامیابی کے بعد افغان باشندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد کابل ، قندھار اور جلال آباد کے شہروں میں سڑکوں پر نکل آئی۔ ریلیوں میں شائقین کرکٹ نے ہاتھوں میں افغانستان کے جھنڈے اٹھائے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ ٹیم کی کامیابی پر لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں میچ جیتنے پر افغان ٹیم اور عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم نے اپنی اس کامیابی کو شنج شہر کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاک ہونے والے 200سے زائد افراد کے نام کیا ہے ۔