سڈنی (نیوز ڈیسک) ویسٹ انڈین قائد اور فاسٹ باؤلر جیسن ہولڈر نے کہا ہے کہ مسلسل کامیابیوں کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، ورلڈ کپ کے اگلے میچ میں جنوبی افریقن چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ امید ہے کہ گیل اگلے میچوں میں بھی عمدہ بلے بازی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ کالی آندھی نے زمبابوے کو 73 رنز سے ہرا کر میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی ہے، اس سے قبل کالی آندھی نے پاکستان کو 150 رنز سے ہرایا تھا۔ اپنے ایک بیان میں ویسٹ انڈین قائد نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف فتح تاریخی حیثیت کی حامل ہے جس میں گیل نے شاندار ڈبل سنچری بنائی، پاکستان کے بعد زمبابوے کے خلاف میچ میں شاندار کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب کھلاڑی پروٹیز چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیز خطرناک حریف ہے اسے زیر کرنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سخت محنت کرنا ہو گی، امید ہے کہ گیل اس میچ میں بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔