نبی کریم ﷺ کو کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا، آپ نہ صرف احکامات خداوندی قیامت تک کے انسانوں کیلئے دے کر بھیجے گئے بلکہ آپ کی ذات اطہر و طاہر کو سرتاپا رحمت بنا دیا گیا، آپ نے قیامت تک آنیوالی انسانیت کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھیجے گئے پیغام کو نہ صرف انسانوں تک پہنچایا بلکہ ان کے مصائب و آلام دور کرنے کیلئے شریعت کے بتائے طریقوں کو اپنانے کا درس دیا۔ قرآن مجید کا ایک ایک لفظ انسانیت کی فلاح سے مزین ہے ۔ نبی کریم ﷺ
کی احادیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ ’’جو شخص صبح و شام تین تین مرتبہ سورہ اخلاص، سورہ الفلق اور سورہ الناس پڑھے گا وہ ہر طرح کے مصائب اور رنج و غم سے محفوظ رہے گا۔‘‘آج کے اس نفسا نفسی کے دور میں جہاں ہر انسان ذہنی پریشانی، بے سکونی میں مبتلا ہے تو ایسے میں اس حدیث میں نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے سے نہ صرف دلی سکون، ذہنی آسودگی حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ جادو، حسد اور شریروں کی شرارتوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔