اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف نے 14 مئی کو ایک بار پھر چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کے لئے پرامن ریلیوں اور احتجاج کی کال دیدی جبکہ سابق وزیر شیریںمزاری نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی دو خواتین کی گرفتاری پر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
صدر تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آئی جی اسلام آباد ناصر آفتاب کو پی ٹی آئی ورکرز کی پکڑ دھکڑ اور تشدد کیلئے اسپیشل لاہور سے اسلام آباد لایا گیا۔ انہوں نے بتایا تحریک انصاف نے 14 مئی کو ایک بار پھر چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کیلئے پرامن ریلیوں اور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
شیریں مزاری نے کہاکہ عدالتی حکم کے باوجود ڈی سی اسلام آباد نے ہماری پرامن ریلی کی اجازت نہیں دی اور پولیس نے ہمارے ورکرز پر تشدد کیا اور گرفتاریاں کیں۔شیری مزاری نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی دو خواتین کی گرفتاری پر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔ہفتہ کو اسلام آباد سے پی ٹی آئی کی دو خواتین شمائلہ اور مہوش نے بتایا کہ ہم ریلی میں شریک نہیں تھیں صرف اظہار یکجہتی کے لئے آئے پھر بھی پولیس نے ہمیں گرفتار کرلیا۔