کراچی (این این آئی) اسکیم 33 پنجابی سوداگران سوسائٹی سے بازیاب ہونے والی دو غیرملکی خواتین نے انکشافات پر مبنی اپنا 164 کا بیان ریکارڈ کروا دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسکیم33نجی سوسائٹی سے بازیاب ہونے والی 2 غیرملکی لڑکیوں نے اپنابیان ریکارڈ کروا دیا۔بازیاب ٹریسا ونگی نے بتایا کہ
میں کینیا کی رہنے والی ہوں، ایک مہینے کے وزٹ ویزے پر پاکستان آئی تھی لیکن فروری 2022 سے اب تک پاکستان میں رہ رہی تھی۔ٹریسا نے کہا کہ ویزا ایکسپائر ہونے سے قبل حیدررحمان اور اس کی بیوی کو بتایا، حیدر رحمان اوراس کی بیوی نے کہا وہ ویزہ مدت بڑھا کر مجھے مزید مقامات دکھائیں گے، وقت گزرتا رہا اور ان کا کہنا تھا پراسس چل رہا ہے، میں ویزے کا انتظار اور اس کے بچوں کو سنبھالتی رہی۔خاتون نے بیان میں کہنا تھا کہ مجھ سے میرا فون بھی لے لیا تھا میں کسی سے بات نہیں کرسکتی تھی، جب میں نے واپس اپنے ملک جانے کا کہا تو اس کی بیوی غصہ ہوگئی کچن سے چھری لا کر مجھے دھمکانے لگی۔ٹریسا نے بتایا کہ پھر حیدر اپنے بھائی فصیح اوردوستوں راجہ حسین اور آغا کے ساتھ آیا مجھے تین گھنٹے تک کتے کے پنجرے میں بند کردیا، میں نے کہا میں اپنے ملک واپس جانا چاہتی ہوں تو حیدر آیا مجھے پنجرے سے نکالا اورایک زیر تعمیرگھرمیں لے گیا جہاں دو راتوں تک زنجیروں سے باندھ کر میرے منہ میں کپڑا ٹھونس دیا گیا اور تکیے کا کور میرے سر پرچڑھا دیا گیا۔مغوی خاتون نے کہا کہ اس کے بعد حیدر اپنے بھائی فصیح کے ساتھ آیا اور مجھے واپس لے گیا اور کہا واپس جانے کا سوچا بھی تو جان سے ماردونگا۔بازیاب لولے عابدی کالے نے بتایا کہ وہ حیدر رحمان سے نیروبی میں دوستی کے بعد پاکستان آئی تھی اور مشترکہ طور پرپاکستان میں بزنس کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن جیسے ہی پاکستان پہنچی حیدر نے پاسپورٹ چھین لیا
اور کہا کسی کو شکایت کی تو جان سے ماردونگا۔لولے عابدی نے اپنے بیان میں کہا کہ حیدر نے میری گردن زور سے دبائی اور کہا گلا کاٹ دونگا، میرا فون اور پاسپورٹ بھی لے لیا حیدرمجھ پر نظر رکھتا اورکسی سے بات نا کرنے دیتا تھا ایک مرتبہ میں نے اسے کہا مجھے میری ماں سے بات کرنی ہے،اس نے فون دیا تو میں نے اپنے بھائی کو میسج کردیا اورکچھ روز کے بعد میں پولیس اور ایمبیسی کے زریعے ہمیں ریسکیو کرلیا گیا۔مغوی کینین خواتین کی جانب سے حیدرالرحمان، فصیح الرحمان، راجا حسین حیدر کی بیوی ندرت، راجا اور مصباح کے خلاف کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔