لاہور( این این آئی) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردا ر عثمان بزدار کی اثاثہ جات انکوائری میں عبوری درخواست ضمانت میں24اپریل تک توسیع کر دی ۔ احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے درخواست پر سماعت کی اوردرخواست گزار
اور وکیل کے مقررہ وقت 8بجے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ وکیل کے آنے پر عدالت نے استفسار کیا 8بجے کا وقت تھا نہ ملزم آیا نہ وکیل آیا ۔ جج نے عثمان بزدار کے وکیل سے کہا کہ عدالت آپ کا انتظار کر رہی ہے یہ کیا طریقہ ہے ۔ وکیل نے جواب دیا کہ عثمان بزدار کو کورونا ہو گیا ہے ۔احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے کہا کہ عدالت کو گونگا بہرہ نہ سمجھیں ، میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیدینا ہے ۔ عثمان بزدار کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا کی ۔ عدالت نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان کے ہسپتال سے کورونا رپورٹ تیار کر الی ۔وہ ہسپتال جس کا عثمان بزدار نے خود افتتاح کیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر عثمان بزدار پیش ہوں ورنہ ضمانت خارج کر دی جائے گی۔ عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں24اپریل تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔