لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہاہے کہ پی ایس ایل سیزن 9 میں خواتین کا بھی پی ایس ایل ہو گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نجم سیٹھی کا کہناتھا کہ غیرملکی خواتین کرکٹرز پی ایس ایل میں شرکت کرنا چاہتی ہیں ،اگلے سال مردوں کے
ساتھ ہی خواتین کا پی ایس ایل کرایا جائے گا، چیئرمین پی سی بی کا مزید کہناتھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی مین بہتری آ رہی ہے ۔دوسری جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی سیریز کے شیڈول میں ایک بار پھر تبدیلی کا امکان ہے ، کراچی میں چار کی بجائے تین ون ڈے میچز کرا نے کی تجویز زیر غور ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز 14اپریل سے ہوگا ، کیوی ٹیم تین ٹی ٹونٹی میچز لاہور میں کھیلے گی ، جس کے بعد دونوں ٹیمیں پنڈی سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی ۔شیڈول کے مطابق راولپنڈی میں دو ٹی ٹونٹی اور ایک ون ڈے میچ ہوگا ، تاہم پنڈی کو ایک اور ون ڈے میچ کی میزبانی ملنے کا امکان ہے، آخری تینوں ون ڈے میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کرائے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق کچھ سیاسی اور کچھ کرکٹ کے معاملات کی وجہ سے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔