اسلام آباد (این این آئی)قومی اداروں کیخلاف منفی پروپیگنڈا کرنیوالے عناصر کیخلاف کریک ڈائون میں تیزی آگئی ہے، سوشل میڈیا ٹرینڈز چلانے پر درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار افراد سے سوشل میڈیا اکائونٹس اور دیگر معاملات پر اہم انکشافات ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اداروں کیخلاف منفی پروپیگنڈا کرنیوالے عناصر کیخلاف تحقیقاتی اداروں کے کریک ڈان میں تیزی آگئی، ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا ٹرینڈز چلانے پر درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جن سے سوشل میڈیا اکائونٹس اور دیگر معاملات پر اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے گرفتار افراد سے حاصل تفصیلات سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔پروپیگنڈا کرنیوالے عناصر کیخلاف کارروائی کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری ہیں، ایف آئی اے کے ساتھ پی ٹی اے، وزارت قانون اور دیگر ادارے بھی آن بورڈ ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس کے قیام سے غلیظ مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائیاں تیز ہوگئیں، ٹاسک فورس کو اختیارات دینے کیلئے طریقہ کار تبدیل کیا گیا، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے میں ملوث مزید افراد کی گرفتاریاں بھی ہوں گی۔