لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مینار پاکستان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی قوم کو ہر قسم کا ظلم برداشت کرتے دیکھا ہے، جو قوم ظلم کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی غلام بن جاتی ہے، کوئی حیثیت نہیں ہوتی، غلام ہمیشہ اچھے غلام رہ سکتے ہیں لیکن اس زندگی میں ذلت ہے،
میری نظر میں سب سے بڑا بت خوف کا بت ہے، بڑی رکاوٹوں کے باوجود عوام مینار پاکستان پہنچے سلام پیش کرتا ہوں، سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی گئی اور جرائم پیشہ لوگوں کو مسلط کیا گیا۔ سازش کے تحت ملک کو دلدل میں پھنسایا گیا، آج پیغام جانا چاہیے کہ لوگوں کا جنون طاقت سے نہیں روکا جا سکتا، جب اللہ دلوں میں سوچ ڈال دیتا ہے تو کوئی طاقت انہیں روک نہیں سکتی، جلسہ روکنے کے لئے ہمارے دو ہزار لوگوں کو گرفتار کیاگیا، کنٹینرز لگائے گئے، کئی ممالک میں وقت گزارا، لوگوں کو نا انصافی کے خلاف کھڑے ہوتے دیکھا۔ اندرون سندھ زرداری سسٹم نافذ ہے، کوئی آدمی ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھا سکتا، اصل جنگ حقیقی آزادی کے لئے ہے، انصاف ہو گا تو حقیقی آزادی آئے گی، ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے، قانون کی حکمرانی نہیں، جس ملک میں انصاف ہی نہ ہو وہاں کیسے سرمایہ کاری لا سکتے ہیں۔ قانون کی حکمرانی نہ ہو آپ جو مرضی کر لیں آگے تباہی ہے، ہماری بدقسمتی ہے جو ڈیموکریٹس آئے کبھی قانون کی حکمرانی نہیں کی۔ مارشل لاء میں آئین و قانون کو ختم کر دیا جاتا تھا، میری مقدمات میں سنچری تو ہو گئی ہے، 143 کیس ہو گئے ہیں۔