لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کر کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ اکتوبر تک
پنجاب کے انتخابات ملتوی کر کے الیکشن کمیشن پاکستان نے آئین سے کھلے انحراف کا مرتکب ہواہے۔آج ہر کسی کو اِس امید کے ساتھ کہ یہ دستور کا تحفظ کریں گے،عدلیہ اور قانونی برادری کی پشت پرکھڑا ہوناہوگا۔کیونکہ آئین پر یہ سنگین حملہ اگر آج قبول کرلیاجاتاہے تو پاکستان میں قانون کی حکمرانی کا خون ہو جائے گا ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنی 2 صوبائی اسمبلیاں اس امید پرتحلیل کیں کہ 90روز میں انتخابات کروائے جائیں گے، جس کا ہمارا دستور واضح حکم دیتاہے۔ہم نے یہ قدم فسطائیوں کے ایک ٹولے کو آئین سے انحراف اور قانون کی حکمرانی سے فرار کے ذریعے خوف و دہشت کا راج قائم کرنے کی اجازت دینے کے لئے نہیں اٹھایا تھا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 30اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے امن و امان کی صورتحال سازگار نہیں ہے۔