میر پور خاص(پی پی آ ئی) ہندو دیوتا شری ہنومان کی توہین کے الزام میں سندھ پولیس نے توہین مذہب کے قانون کے تحت ایک صحافی کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں میر پور خاص کے تھانہ سیٹلائیٹ میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق شکایت کنندہ رمیش کمار جولوہانہ پنچایت میر پور خاص کے نائب صدر ہے نے اپنی شکایت میں کہا کہ بھگوان ہنومان کی تصویر شیئر کرکے صحافی نے ہندووں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ تصویر کو شیئر کر کے مذاہب کے درمیان تفرقہ پھیلانے اور امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔سیٹلائٹ پولیس سٹیشن نے رمیش کمار کی شکایت پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295A اور 153A کے تحت مقدمہ درج کیا۔صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور گیان چند اسرانی نے اس واقعے کے بعد انسپیکٹر جنرل سندھ پولیس سے رابطہ کیا اور ایس ایس پی میر پور خاص سے بھی بات کی۔ انھوں نے صحافی کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔واضح رہے کہ پاکستان میں ہندووں کی سب سے زیادہ آبادی صوبہ سندھ میں رہتی ہے جبکہ سندھ کی 70 فیصد ہندو آبادی میرپورخاص میں رہتی ہے۔