ممبئی (آئی این پی) بھارتی نغمہ نگار و لکھاری جاوید اختر نے کہا ہے کہ پاکستان سے بھارت آیا تو ایسا لگا جیسے تیسری جنگ جیت کر آیا ہوں۔
جاوید اختر نے لاہور میں ہونے والے فیض میلے میں کہی گئی اپنی بات پر رد عمل دیتے ہوئے بتایا کہ پنڈال میں موجود ایک عمر رسیدہ خاتون نے سوال کیا تھا کہ پاکستانی لوگ تو بھارتیوں کو اچھا سمجھتے ہیں پھر انڈین لوگ پاکستانیوں کو غلط کیوں کہتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس کا جواب اچھے دل اور انتہائی ادب و احترام کے ساتھ دیا تھا جسے پاکستانیوں نے بھی حوصلے سے سنا لیکن ان کی مذکورہ بات کو بھارت میں بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ جاوید اختر کا کہنا تھا کہ انہیں بھارت میں یہ احساس دلانے کی کوشش کی گئی کہ جیسے وہ تیسری عالمی جنگ جیت کر آئے ہوں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ مذکورہ بیان پر بھارت میں ان کی حد سے زیادہ تعریفیں کیے جانے پر اب انہیں شرمندگی ہونے لگی ہے اور اسی وجہ سے اب وہ کسی ٹی وی کو انٹرویو ہی نہیں دے رہے۔