اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتی شخصیات صرف 80 ہزار روپے مالیت کا تحفہ اپنے پاس رکھ سکیں گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ
توشہ خانہ کے تحائف کی مالیت کا اندازہ تھرڈ پارٹی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں صرف سیاستدانوں کو ملنے والے تحائف ہوتے ہیں، عدلیہ کے ججز اور عسکری قیادت کے ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں نہیں آتے، اس لیے صرف ہم سیاست دانوں کو ملنے والے توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات سامنے رکھنے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ سرکاری اراضی کی فروخت کے لیے وزیرقانون کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کفایت شعاری مہم سے سالانہ 200 ارب روپے کی بچت ہوگی، 200 ارب روپے کی یہ بچت صرف وفاقی اداروں میں ہوگی، صوبوں کا حصہ علیحدہ ہوگا۔