کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) بلوچستان کے وزیرمواصلات عبدالرحمان کھیتران نے بارکھان واقعہ پر الزامات مسترد کرتے ہوئے اپنے بیٹے انعام شاہ پر سازش کا الزام لگا دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے مطابق عبدالرحمان کھیتران نے 3 افراد کے قتل اور
نجی جیل کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نجی جیل اور 3 افراد کے قتل کا الزام ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں علاقائی سیاست کے حق سے محروم رکھنے کی مذموم کوشش کی جار ہی ہے، بعض عناصر علاقے کا امن خراب کرنے کے لیے ان کے خلاف سازش کررہے ہیں۔وزیرمواصلات نے اپنے بیٹے انعام شاہ پر سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس نے خاتون سے بیان ریکارڈ کروایا کیونکہ وہ سردار بننا چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات میں پیشی کے لیے تیار ہوں لیکن استعفیٰ نہیں دوں گا، بدنام کرنے کی سازش کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کروں گا۔دوسری جانب بلوچستان کے وزیر داخلہ نے بارکھان واقعہ پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مراسلہ لکھ دیا جس میں کہاگیاہے کہ عوام کی جان کی حفاظت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، بچوں کی عدم بازیابی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ متاثرہورہی ہے۔صوبائی وزیر داخلہ نے بارکھان واقعہ کے بعد مری قبیلے کے مغویوں کی بازیابی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مراسلہ لکھا ہے۔صوبائی وزیر داخلہ کی جانب سے لکھا گیا کہ عوام کی جان کی حفاظت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، بچوں کی عدم بازیابی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ متاثرہورہی ہے۔