اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )قومی ٹیم کے فاسٹ بولر سہیل خان نے بھارتی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر عُمران ملک کے حوالے سے کہا ہے کہ عُمران جیسے بولرز تو ہمارے ڈومیسٹک میں بھرے پڑے ہیں۔دی نادر علی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل خان کا کہنا تھا اس میں کوئی شک نہیں ہے عُمران ملک ایک ابھرتا ہوا فاسٹ بولر ہے، میں نے اس کے ایک دو میچز دیکھے ہیں، وہ تیز بھاگتا ہے اور دیگر عوامل کو بھی اپنے ذہن میں رکھتا ہے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر آپ فاسٹ بولنگ کے حوالے سے سوچ رہے ہیں کہ وہ 150 سے 155 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کراتا ہے تو میں انگلیوں پر 10 سے 15 کھلاڑیوں کو گنوا سکتا ہوں جو ٹیپ بال کھیلتے ہیں اور اس کی رفتار سے گیند کرتے ہیں۔