ریاض(آئی این پی)سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کو روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں نجی اداروں اور کمپنیوں کو ایک بار پھر انتباہ جاری کیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے غیر قانونی تارکین کو روزگار فراہم کرنے والے نجی ادارے اور کمپنیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ
ملازمت قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں،محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی جو کمپنی یا ادارہ ملازمت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو روزگار فراہم کریں گے، اپنی زیر کفالت ملازمین کو نجی کاروبار کا موقع دیں گے، کسی اور کے یہاں ملازمت کی اجازت دیں گے یا کسی اور کے ملازمین کو اپنے یہاں روزگار فراہم کریں گے ان پر فی کس ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا، ان کمپنیوں کو 5برس تک افرادی قوت کی درآمد کی اجازت نہیں ہوگی، اور ادارے کے ڈائریکٹر کو ایک برس تک قید کی سزا دی جائے گی، اگر ڈائریکٹر غیر ملکی ہوگا تو سزا کاٹنے کے بعد اسے مملکت سے بے دخل کر دیا جائے گا،محکمہ پاسپورٹ نے تمام شہریوں اور قانون کی پابندی کرنے والے تارکین وطن سے اپیل کی کہ اگر اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے یا درانداز ان کے علم میں آئیں تو پہلی فرصت میں ان کے خلاف رپورٹ کریں۔