لاہور ( این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں انجری کا شکار ہونے والے قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرنا تھی تاہم ری ہیب کے باعث وہ لیگ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔دفاعی چمپئن لاہور قلندرز کے سی او او سمین رانا کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سیزن 8 میں فرنچائز کی کپتانی کریں گے۔کرکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم کی سخت نگرانی میں ٹریننگ کررہے ہیں، انہوں نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ہوم سیریز میں شرکت نہیں کی۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن 13فروری سے 19مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔