دو حہ (این این آئی)فٹبال ورلڈکپ میں ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کا کوارٹرفائنل میچ سپروائز کرنے والے ریفری پر لیونل میسی برس پڑے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سنسنی خیز مقابلے کے دوران ریفری نے 14 یلو کارڈز دکھائے ،دونوں ٹیموں کے درمیان کئی بار معاملات کشیدہ بھی ہوئے۔
ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے میچ ختم ہونے کے بعد ریفری انٹونیو میٹو لاہوز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریفری انتہائی اہم میچ میں اپنا کام ٹھیک طریقے سے کرنے میں ناکام رہا۔لیونل میسی نے فیفا پر زور دیا کہ ریفری کے خلاف کارروائی کی جائے۔لیونل میسی نے کہاکہ میں ریفریز کے بارے میں بات کرنا نہیں چاہتا ورنہ بعد میں آپ پر پینلٹی لگادی جائے گی لیکن لوگوں نے دیکھا کہ کیا ہوا۔اسٹار فٹبالر نے کہا کہ میرے خیال میں جوا ہوا فیفا کو اس کا خیال رکھنا چاہیے، اتنے بڑے میچ میں ایسے ریفری کو نہیں رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ریفری اپنا کام کرنے میں ناکام نہیں ہوسکتا۔میچ کے نتیجے سے متعلق بات کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ بہت خوشی اور راحت ملی، میچ کو پنالٹی ککس تک نہیں جانا چاہیے تھا۔ارجنٹائن کے فٹبالر نے کہا کہ ہم نے کوارٹر فائنل میں بہت برداشت اور محنت کی، اس سے گزرنا خوبصورت اور شانداراحساس ہے۔لیونل میسی نے کہا کہ ہم نے ہر میچ میں دکھایا کہ ہر میچ ایک ہی جذبے کے ساتھ کیسے کھیلا جاتا ہے اور ہم آئندہ بھی اسی طرح کھیلیں گے۔