لاہور ( این این آئی) سابق کپتان وسیم اکرم کے الزامات پر سلیم ملک نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ مجھے اس بات پر ہنسی آرہی ہے، میں نے وسیم اکرم کو فون کیا، میں پوچھنا چاہتا تھا کہ یہ کیوں لکھا ہے؟ وسیم سے اب تک رابطہ نہیں ہوا، ابھی تک کتاب نہیں پڑھی دیکھوں گا تو
کتاب کے بارے میں بتائوں گا، چاہتا ہوں پہلے وسیم سے پوچھ لوں کس ضمن میں یہ لکھا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سلیم ملک نے کہا کہ میری ایک سال سے وسیم سے بات نہیں ہوئی، وسیم اکرم میرے پڑوسی تھے ان سے ملاقات رہتی تھی، جب ہم ٹور پر جاتے تھے تو کپڑے دھونے کیلئے مشینیں ہوتی تھیں، ہاتھ سے کپڑے نہیں دھوتے تھے، ہوسکتا ہے کتاب کی مشہوری کیلئے ایسا لکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک وسیم سے بات نہیں ہوجائے تب تک کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا، وسیم پانچ سال جونیئرتھے، اپنا پہلا میچ میری کپتانی میں کھیلے تھے، اگرمیں منفی ہوتا تو ان سے بولنگ ہی نہیں کرواتا، مجھے نہیں معلوم یہ مذاق میں لکھا ہے یا سنجیدہ، اگر سنجیدہ ہوا تو جواب بھی اسی انداز میں دوں گا۔واضح رہے کہ وسیم اکرم نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ سلیم ملک منفی اور خود غرض، مجھ سے جوتے کپڑے صاف کروائے تھے ۔