لاہور (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سادہ اکثریت اور اتحادی حکومت کے باعث کوشش کے باوجود قانون کی بالادستی قائم نہیں کر سکا، احتساب بھی نہ ہوسکا، اب دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتیں گے،قتل پلان کی
مانیٹرنگ کرنیوالے دوسرے شخص کا نام جلد بتاؤں گا۔عمران خان نے برطانوی میڈیا اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سادہ اکثریت اور اتحادی حکومت کے باعث کوشش کے باوجود قانون کی بالادستی قائم نہیں کر سکا، احتساب بھی نہ ہوسکا، اب دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ کھڑا ہوں، فوج میری ہے، حمایت مجھے نہیں (ن) لیگ اور پی پی کو درکار ہے، قتل کے منصوبے کی مانیٹرنگ کرنے والے دوسرے شخص کا نام بھی جلد بتاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ اپنے امپائرز کے ساتھ کھیلتا ہے، قانون کی بالادستی نہ ہونے سے طاقتور قانون سے اوپر رہے، حکمراں اشرافیہ 30سال سے ملک لوٹتی رہی، میگا کرپشن کے کیسز پارلیمنٹ میں لا کر ختم کرا لیے گئے، ترقی پذیر ملکوں میں غربت کی وجہ یہی کرپٹ حکمراں اشرافیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جنگ عوام کی طاقت سے ہی جیتوں گا بزدلانہ قاتلانہ حملے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔



















































