لاہور(آئی این پی)پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری کے لائحہ عمل کے تحت تعاون کے ایک نئے شعبے کے طورپرآبی وسائل کے انتظام اورموسمیاتی تبدیلی کو بھی شامل کرنے کی تجویزدی ہے۔یہ تجویزاسلام آباد میں پاکستان اورچین کے مشترکہ ورکنگ گروپ میں پیش کی گئی جس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے طویل مدتی منصوبوں کاجائزہ لیاگیا۔سرکاری ریڈیو کے مطابق اجلاس میں سی پیک کے جاری منصوبوں پرعملدرآمد کی صورتحال کاجائزہ لیاگیا اوراقتصادی راہداری کے طویل مدتی منصوبے پرعملدرآمدکے بارے میں مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔دونوں ممالک نے مختلف منصوبوں پرکی جانے والی تیزرفتارپیشرفت پراطمینان کااظہارکیااور اس کام کومستحکم کرنے اور پھرپاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پرعملدرآمد پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے تعاون کے امکانات سے مکمل طورپراستفادے کے لئے کوششیں تیزکرنے پربھی اتفاق کیاتاکہ پاکستان کے عوام مختلف شعبوں میں پیدا ہونے والے وسیع تر مواقع کواستعمال کرکے ان منصوبوں سے مکمل فائدہ حاصل کرسکیں۔