کراچی(این این آئی)ٹک ٹاکر حریم شاہ نے کہا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کے حامیوں سے خطرہ ہے،ایک ویڈیو کی وجہ سے شہزاد اکبر کے کہنے پر مجھ پر مقدمہ بنایا گیا،میں نے کبھی منی لانڈرنگ نہیں کی ہے۔حریم شاہ نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ
ن لیگ کی کبھی حمایت نہیں کی، اس کے ہمیشہ خلاف رہی ہوں، پی ٹی آئی کی سپورٹر ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کے کچھ لوگ میرے خلاف ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے ایف آئی اے پر دبائو ڈال کر مجھ پر کیس بنوایا۔ شہزاد اکبر کے کہنے پر میرے خلاف کیس بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں سے مجھے خطرہ ہے۔ شیخ رشید سے خطرہ نہیں ان کے ساتھ جو معاملات تھے وہ حل ہوچکے۔دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ میں حریم شاہ کی سیکیورٹی سے متعلق دائر کی گئی درخواست پر منگل کوسماعت ہوئی۔حریم شاہ کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حریم شاہ کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے، حریم شاہ ایف آئی اے میں پیش ہوئیں تو انہیں روک کر دھمکیاں دی گئیں۔عدالت عالیہ درخواست نمٹاتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو درخواست کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ضرورت محسوس کرنے پر حریم شاہ کو سیکیورٹی فراہم کرنے پر غور کیاجائے۔