اسلام آباد (این این آئی) پنجاب میں سیاسی بے یقینی کا خاتمہ جلد متوقع ہے ، مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے متحرک ہونے کا فیصلہ کرلیا، مسلم لیگ ق ناروے کے صدر چوہدری محمد رزاق سے اہم ملاقات کی جس کے بعد
پنجاب حکومت کیلئے اگلے اڑتالیس گھنٹے بہت اہم ہیں، الیکشن کمیشن کا ق لیگ پارٹی قیادت کے حوالے سے فیصلہ چوہدری شجاعت حسین کے حق میں آنے کا قوی امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق ناروے کے صدر چوہدری محمد رزاق نے اسلام آباد میں چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک کا سب سے اہم صوبہ پنجاب گزشتہ چند ماہ سے سیاسی بحران سے دوچار ہے، ملک کے وسیع تر مفاد میں چوہدری شجاعت نے متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے، اگلے اڑتالیس گھنٹے میں پنجاب کی سیاسی صورتحال میں ٹھہراؤ متوقع ہے، انہوں نے کہا کہ ہر نظریاتی مسلم لیگی چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ ہے، بالخصوص ناروے اور یورپ بھر کے مسلم لیگی کارکن چوہدری شجاعت کے موقف کے حامی ہیں۔ اس موقع پر چوہدری شافع حسین، ڈاکٹر جواد رزاق اور ق لیگ کے میڈیا کوآرڈینیٹر محسن اسلم بھی موجود تھے۔