لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے 11 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہیں ، عمران خان سے خفیہ ملاقات کر کے ٹکٹ کی یقین دہانی مانگ رہے ہیں ، سینئر پی ٹی آئی رہنما کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے
سینئر رہنما و صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ن لیگ کے 11 ارکان پنجاب اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں ۔ نجی ٹی وی اے آروائی کے پروگرام میں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ لیگی ارکان عمران خان سے خفیہ ملاقات کر کے ٹکٹ کی یقین دہانی مانگ رہے ہیں ۔ ان کے نام ہم نے ایجنسیوں کی وجہ سے صیغہ راز میں رکھے ہوئے ہیں ۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے بندے توڑنے کی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں، پچھلی دفعہ لوگوں کی جیبیں بھاری کی گئیں تھی ، انہیں لوٹا بنایا گیا آج وہ لوگ عبرت کا نشان بن چکے ہیں ، کوئی ایک بندہ اپنی سیٹ نہیں بچا سکا ، میرا نہیں خیال کہ اس دفعہ کوئی بھی ایک بندہ لوٹا بننے کی غلطی کرے گا ۔ دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں صوبائی وزراء میاں محمود الرشید اور مراد راس کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔ عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو دونوں رہنمائوں کو 31 اکتوبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔عدالت نے ملزمان کو 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا ہے۔