اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن )اسلام آباد پولیس نے رانا ثنااللہ کے وارنٹ لانے والی اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم کو واپس بھیج دیا۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم پولیس کی مدد لینے تھانہ کوہسار پہنچی اور وفاقی وزیر داخلہ کے وارنٹ سے آگاہ کیا جس پر پولیس
حکام نے مؤقف اپنایا کہ رانا ثنا اللہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اینٹی کرپشن کی ٹیم میں 4 افسران شامل تھے جنہیں وفاقی پولیس نے واپس بھیج دیا۔پولیس حکام نے اینٹی کرپشن کو بتایا کہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر ایڈریس فیصل آباد کا ہے اور وہ تھانہ کوہسار کی حدود میں نہیں رہتے۔یاد رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی درخواست پر اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ نے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق رانا ثنا اللہ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری ہوئے ہیں۔عدالت کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کر کے اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ وفاقی وزیرِداخلہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کیلئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔