راولپنڈی، لاہور(این این آئی، آن لائن)وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے۔ہفتہ کو اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ اینٹی کرپشن کی جانب سے رانا ثنا اللہ کے وارنٹس گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے
مطابق اینٹی کرپشن نے راناثنا ء اللہ کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، رانا ثنا ء اللہ کے وارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری ہوئے ہیں۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری مقدمہ نمبر 20/19 میں جاری ہوئے ہیں۔دوسری جانب اینٹی کرپشن نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری اور دیگر کو سرکاری زمینوں پر قبضے کے الزامات پر طلب کرلیا۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق دوست محمد مزاری کے علاوہ زاہد مزاری، شیر محمد مزاری اور معظم مزاری کو بھی سرکاری زمینوں پر قبضے کے الزامات پر 11اکتوبر کو لاہور ہیڈ کوارٹرز میں طلب کیا گیا ہے۔سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب سمبلی دوست محمد مزاری کو ڈائریکٹر ویجیلینس ہیڈ کوارٹرز کے آفس میں 1بجے دوپہر حاضر ہوئے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر روجھان ،تحصیلدار اور حلقہ پٹواری کو بھی ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دوست محمد مزاری کے خلاف جعلی کاغذات کے ذریعے سرکاری زمینوں پر قبضے کے الزامات ہیں جب کہ اینٹی کرپشن پنجاب سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کیس میں انکوائری کر رہا ہے۔