اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر قانونی آپشنز بشمول سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق نئے آرمی چیف کا تقرر وزیراعظم شہباز شریف کے ہاتھوں ہونے سے روکنے کیلئے
پی ٹی آئی قانونی آپشنز بشمول سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کر رہی ہے۔نجی ٹی وی “جیو نیوز “نے پی ٹی آئی کے نامعلوم سینئر رہنما کے حوالے سے بتایا کہ پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ شہباز شریف کی زیر قیادت حکمران اتحاد نومبر کے آخر میں نئے آرمی چیف کا تقرر کرے، اس لیے تمام قانونی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، رپورٹ کے مطابق جب اس بات کا فواد چودھری سے پوچھا گیا تو انہوں نے اس بات کی تردید کی اور کہا کہ انہیں علم نہیں کہ ایسے کسی اقدام پر غور کیا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جب سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری سے پوچھا گیا کہ عمران خان نے آرمی چیف کے تقرر کو روکنے کیلئے معاملہ اپنی پارٹی کے ماہرین قانون کو بھیج دیا ہے؟ تو فواد نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بیان دیا تھا کہ “آرمی چیف کے تقرر کیلئے نواز شریف سے مشورہ کیا جائے گا” ،اس بات پر پارٹی میں بحث ہوئی تھی اور دستگیر کے بیان کے تناظر میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے اس معاملے پر بیانات دیے تھے۔